19
اسلام آباد، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر ان کے شناختی کارڈ نمبر سے منسلک ہوگا اور اس مقصد کے لیے کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نادرا ہیڈکواٹر کا دورہ کیا اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات کی، جہاں صحت کے نظام میں ایم آر نمبر کے نفاذ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے صحت کے نظام میں مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا مکمل ڈیٹا موجود نہیں ہے، جسے بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس نظام میں بہتری کے لیے شناختی کارڈ نمبر کو ایم آر نمبر کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ملک کے کسی بھی حصے میں مریض کا مکمل میڈیکل ریکارڈ فوری طور پر آن لائن دستیاب ہو، جس سے علاج کی درستگی اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔