اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کبھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے المناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم نے زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے مخالف ہیں، ان کی معصوم شہریوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیاں ان کی سنگدلی کا واضح ثبوت ہیں، ملک دشمن عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گوادر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یہ واقعہ گوادر کے علاقے کلمت میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر گولیاں برسا دیں۔