پاکستان کی تاریخی فتح، ورلڈ انڈر23 اسکواش چیمپئن شپ میں قومی پلیئر نور زمان نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
کراچی: پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کر دی! پاکستان کے نوجوان اسکواش پلیئر نور زمان نے ورلڈ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر کے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
یہ تاریخی مقابلہ پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے کریک کلب، کراچی میں منعقد ہوا۔
پانچ گیمز پر مشتمل فائنل میں نور زمان نے مصر کے کریم الترکی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔ نور زمان نے ابتدائی دو سیٹس ہارنے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
نور زمان نے فتح کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ ذہن میں یہی تھا کہ آخری لمحے تک لڑنا ہے۔ ہار یا جیت کا سوچے بغیر اسٹریٹیجی کے مطابق کھیلا، اور پریشر کو قابو میں رکھ کر محنت کا صلہ پایا۔”