کراچی، شارع فیصل پر چلتی گاڑیوں سے فلمی انداز میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، دو گاڑیوں میں سوار افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے۔
کراچی کے شارع فیصل پر بدھ کی علی الصبح چلتی گاڑیوں سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو سیکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کی وجہ ایک لڑکی کے تنازع کو قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ایک لڑکی اپنی گاڑی میں ایک نئے دوست کے ساتھ شارع فیصل سے گزر رہی تھی جب اس کا بوائے فرینڈ اس کا پیچھا کرتے ہوئے آیا اور لڑکی کو روکنے کے لئے فائرنگ کی۔
لڑکی کی گاڑی میں سوار سیکیورٹی گارڈز نے اپنی حفاظت میں فائرنگ کی جس کا جواب دوسری گاڑی میں موجود گارڈز نے بھی فائرنگ سے دیا۔ دونوں گاڑیاں شارع فیصل پر ایک دوسرے پر فائرنگ کرتی ہوئی اسٹار گیٹ تک پہنچیں۔
اس دوران لڑکی گاڑی سے نکل کر فرار ہو گئی جبکہ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ میں ملوث پانچ افراد کو حراست میں لے کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے گاڑیوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے اور بتایا کہ ایک لگژری گاڑی کے شیشے کالے تھے اور نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔ یہ افراد مبینہ طور پر ایک نجی کلب سے جھگڑا کر کے آرہے تھے۔
زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈز میں فضل الرحمان اور محمد نواز شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔