لاہور، پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی نے کہا ہے کہ وہ شادی کے لیے بالکل تیار ہیں، لیکن اس کے لیے صحیح شخص کی تلاش ہے۔
حال ہی میں مایا علی ایک نجی ٹی وی شو میں اپنی کزنز کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری اور ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
پروگرام کے میزبان نے ان سے سوال کیا کہ وہ کب شادی کریں گی؟ اس پر مایا علی نے جواب دیا کہ وہ اب اس بڑے فیصلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، تاہم وہ اس میں کسی قسم کی عجلت نہیں برتنا چاہتیں۔ ان کے گھر والوں کی طرف سے بھی اس حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو ان کی والدہ کی عزت کرے، ان کے کام کو سمجھے اور ان کا ساتھ دے۔
مایا علی نے بتایا کہ ان کی والدہ اکثر ان کی شادی کو لے کر فکر مند رہتی ہیں، مگر ان کے بھائی اور کزنز انہیں سمجھاتے ہیں کہ یہ فیصلہ مایا پر چھوڑ دیا جائے، اور جب انہیں مناسب شخص ملے، تبھی وہ شادی کریں۔
واضح رہے کہ اداکارہ مایا علی، جن کا اصل نام مریم تنویر علی ہے، 27 جولائی 1989ء کو پاکستان میں پیدا ہوئیں، اس حساب سے، مارچ 2025ء تک ان کی عمر 35 سال ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے کیا اور بعد ازاں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا، مایا علی نے متعدد مشہور پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے اور اپنی بہترین اداکاری کی بدولت شہرت حاصل کی ہے۔
ان کی پہلی فلم ”طیفا ان ٹربل“ تھی، جس میں انہوں نے علی ظفر کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا، اس کے بعد 2019ء میں ریلیز ہونے والی فلم "پرے ہٹ لو” میں شہریار منور کے ساتھ ان کی اداکاری کو بھی سراہا گیا۔