سینیٹ میں اپوزیشن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بل پر ووٹنگ کا نتیجہ نہ بتانے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف کا شدید احتجاج کیا۔
سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا شدید احتجاج دیکھنے میں آیا، جہاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بل پر ووٹنگ کا نتیجہ نہ بتانے پر اپوزیشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس دوران ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے پی ٹی آئی کے تین سینیٹرز عون عباس، ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی کی رکنیت معطل کر دی۔
اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ڈپٹی چیئرمین سے استعفے کا مطالبہ کیا اور ان پر اپوزیشن سینیٹرز کو بھونکنے سے تشبیہ دینے کا الزام لگایا۔ ایوان میں "استعفیٰ دو”، "شرم کرو، حیا کرو” کے نعرے گونجتے رہے، جبکہ اپوزیشن اراکین چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے قریب پہنچ گئے۔
ڈپٹی چیئرمین نے موقف اختیار کیا کہ ایوان کو قانون کے مطابق چلایا جائے گا اور کسی کی مرضی نہیں چلے گی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو خاموش ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ احتجاج کرنے والے خود ہی تھک جائیں گے۔
ایف آئی اے کے سزا یافتہ افسران کی فہرست پیش
سینیٹ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے افسران کی تفصیلات بھی پیش کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق، پچھلے 3 سالوں میں 51 افسران انسانی اسمگلروں کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث پائے گئے۔
- 2022 میں 6، 2023 میں 4، اور 2024 میں 41 افسران کو نوکری سے برطرف کیا گیا۔
- انسانی اسمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح 10:30 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔