اسلام آباد، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صرف بانی کی رہائی کسی بھی سیاسی جماعت کا مقصد نہیں ہو سکتا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاست میں نفاق رہے گا ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہمیں سیاسی دشمنیوں کو ختم کرنا پڑے گا، وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا جس میں قانون کی حکمرانی نہ ہو۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ غزہ میں روزانہ مسلمان شہید کئے جائیں اور اربوں مسلمان چپ رہیں یہ ناکامی ہے، غزہ کی صورت حال پر ہمیں اپنے ضمیر کو جھنجھوڑنا اور ٹٹولنا ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر اختلافات اور غلط فہمیاں موجود ہیں، جو وقتاً فوقتاً سر اٹھاتی رہتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی اقتدار کی لڑائی نہیں بلکہ اندرونی اختلافات ہیں، جنہیں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ جیسی قیادت دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے داخلی معاملات کو عوامی سطح پر زیرِ بحث نہیں لانا چاہیے۔