اسلام آباد، سپریم کورٹ میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ملزمان کی ضمانت منسوخی کی پنجاب حکومت کی اپیلوں پر رواں ہفتے ہونے والی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، سپریم کورٹ نے 9 اور 10 مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے کے لیے مقرر تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیے۔
وکیل ذوالفقار نقوی نے عدالت میں پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے انہیں 9 مئی کے مقدمات میں وکیل مقرر کیا ہے، اس لیے تیاری کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کل اور پرسوں بھی سماعت کے لیے مقرر ہیں، پہلے ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے وقت مانگا اور اب آپ مہلت مانگ رہے ہیں، یہ طریقہ قابل قبول نہیں، کیونکہ یہ صرف ایک کیس نہیں بلکہ تقریباً 50 اپیلیں ہیں۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ رواں ہفتے کے مقدمات ملتوی کیے جائیں تاکہ آئندہ ہفتے مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہو سکوں۔ اس پر چیف جسٹس نے نشاندہی کی کہ بعض اپیلیں کیس کی منتقلی سے متعلق بھی ہیں، اور یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے، لہٰذا حکومت سے مزید ہدایات لے لی جائیں۔
وزیراعظم کی آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت
عدالت نے پنجاب حکومت کی مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام مقدمات کی سماعت عید کے بعد تک مؤخر کر دی، اب یہ سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 9 مئی کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کی تھیں، جس کے خلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔