ٹریلر نے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 4 کروڑ ویوز حاصل کیے، مگر ابتدائی کمائی پر سوالیہ نشان
ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ بھارت سمیت خلیجی، امریکی اور یورپی سینما گھروں میں ریلیز کردی گئی۔ تاہم، فلم کی ایڈوانس بکنگ توقعات پر پورا نہ اتر سکی، جس کے باعث اس کی ابتدائی کمائی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
فلمی تجزیہ کاروں کا اندازہ تھا کہ ’سکندر‘ کی ایڈوانس بکنگ 10 کروڑ روپے تک پہنچے گی، مگر ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ اس کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ فلم کی اوپننگ کمائی توقع سے کم ہوسکتی ہے۔
سلمان خان نے فلم کے ٹریلر لانچ پر دعویٰ کیا تھا کہ چاہے فلم اچھی ہو یا بری، یہ 200 کروڑ روپے سے زیادہ کمائے گی۔
یہ فلم سلمان خان کی دو سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی ہے۔ ان کی آخری فلمیں ’ٹائیگر 3‘ اور ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2023 میں ریلیز ہوئی تھیں۔
فلم کا ٹریلر 23 مارچ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 4 کروڑ بار دیکھا گیا، اور اس نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
’سکندر‘ میں سلمان خان کے ساتھ رشمیکا مندانا، نواب شاہ، کاجل اگروال اور سنیل شیٹی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، جبکہ شائقین سلمان خان کو دھماکہ دار انداز میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔