سعودی عرب میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے. جس میں سعودی خاتون گھڑ سوار شہد الشمری کو گھوڑے کی پیٹھ پر سوار ایک دواخانے کی سیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سعودی عرب میں گھڑ سوار شہد الشمری کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں وہ گھوڑے کی پیٹھ پر سوار ہو کر ایک دواخانے میں خریداری کرتی نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ فارمیسی کے راستوں پر آرام سے گھوم رہی ہیں، مصنوعات کا جائزہ لے رہی ہیں اور اشیاء جمع کر رہی ہیں، جبکہ ایک شخص ان کے اس انوکھے انداز کو فلما رہا ہے۔
اگرچہ ویڈیو کا وقت اور مقام واضح نہیں ہوسکا، لیکن یہ ویڈیو شہد کے مداحوں میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے، جنہوں نے انہیں "سعودی گھڑ سوار شہد” کا لقب دیا ہے۔
20 سالہ شہد الشمری کا شمار سعودی عرب کی معروف گھڑ سوار خواتین میں ہوتا ہے۔ گھوڑوں سے ان کی محبت بچپن سے ہی شروع ہوئی، جس کے بعد انہوں نے سخت محنت اور تربیت کے ذریعے اپنی مہارت کو بہتر بنایا۔ ان کی خوداعتمادی اور غیر معمولی گھڑ سواری کی صلاحیتوں نے انہیں مقامی اور علاقائی مقابلوں میں نمایاں مقام دلایا۔
شہد الشمری سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول ہیں، جہاں وہ باقاعدگی سے اپنی گھڑ سواری کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ ان کے منفرد انداز اور گھوڑوں کے لیے ان کی محبت نے انہیں دنیا بھر میں پذیرائی دلائی ہے۔