سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیدیا۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیسٹ کرکٹر سرفراز احمد نے اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر کے حوالے سے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب کچھ باقی نہیں رہا۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کس چیز کا انتظار کررہے ہیں اور یہ جلد ہی ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا جبکہ وہ 11 ٹی 20 سیریز جیتنے والے کپتان بھی ہیں۔
سابق کپتان نے سال 2007 میں ڈیبیو کیا اور 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
سرفراز احمد نے تمام فارمیٹس میں 6 ہزار 164 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کے کیرئیر میں ایک ایسا وقت بھی آیا تھا کہ سوشل میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ”سرفراز دھوکہ نہیں دے گا “ کے نعرے گونج رہے تھے، عوام میں ٹیسٹ کرکٹر کے بارے میں کافی محبت پائی جارہی تھی، لیکن آج وقت کی ستم ظریفی دیکھیں کہ انکا کریئر تقریبا ختم ہونے کے قریب ہے۔