جمعہ, 25 اپریل , 2025

سابق کمشنر کوئٹہ کی بیٹی کا فضائی میزبان پر حملہ، دانت ٹوٹ گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوئٹہ: سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی کی بیٹی کی جانب سے نجی ایئرلائن کی ایئر ہوسٹس پر تشدد کا واقعہ پیش آیا۔

یہ واقعہ 18 مارچ کو کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز میں پیش آیا، جہاں سابق کمشنر افتخار جوگزئی اپنی بیٹی صائمہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے، اطلاعات کے مطابق، دونوں نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر چیک ان کے دوران بھی عملے کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

latest urdu news

پرواز کے دوران، ایئر ہوسٹس نے صائمہ جوگزئی سے سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھانے کی میز بند کرنے کی درخواست کی، جس پر وہ مشتعل ہوگئیں۔ مبینہ طور پر، سابق کمشنر اور ان کی بیٹی نے عملے کے ساتھ بدتمیزی کی اور طیارے میں شور شرابہ شروع کر دیا۔

صورتحال بگڑنے پر، فضائی میزبان نے کپتان کو آگاہ کیا، جس نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے طیارے کو رن وے سے واپس لے جانے کا فیصلہ کیا، اس دوران، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔

مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، کپتان نے والد اور بیٹی کو طیارے سے اتارنے کی ہدایت کی، جس پر صائمہ جوگزئی نے انکار کر دیا، اس دوران، انہوں نے غصے میں آ کر ایک فضائی میزبان کو مکا مارا، جس سے خاتون ایئر ہوسٹس کی ناک سے خون بہنے لگا اور ایک دانت ٹوٹ گیا۔

ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق، واقعے کے بعد بلوچستان انتظامیہ نے معاملہ رفع دفع کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ کمشنر کوئٹہ فوری طور پر ایئرپورٹ پہنچے اور اے ایس ایف سے صورتحال جاننے کے بعد معاملہ ختم کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں، باپ اور بیٹی سے تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا، جس کے بعد انہیں کسی قانونی کارروائی کے بغیر جانے دیا گیا، جبکہ زخمی ایئر ہوسٹس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایئرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون مبینہ طور پر نشے میں تھیں اور یہ واقعہ فضائی عملے کی عزت و سلامتی کے حوالے سے ایک سنگین سوال پیدا کرتا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter