اسلام آباد، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ریویو فیس کی ادائیگی نہ کرنے پر کراچی کے ایک صنعتی صارف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق، مذکورہ صنعتی صارف نے کے الیکٹرک کے جنریشن ٹیرف کے خلاف نیپرا میں نظرثانی کی اپیل دائر کی تھی، جسے نیپرا نے ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، نیپرا نے 22 اکتوبر 2024 کو کے الیکٹرک کے جنریشن ٹیرف کا فیصلہ جاری کیا تھا، جب کہ ریویو کی درخواست 24 نومبر 2024 کو دائر کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اس معاملے میں فریق نہیں ہے اور نہ ہی اس نے لازمی ریویو فیس 9 لاکھ 34 ہزار 722 روپے جمع کرائی، بلکہ صرف عام صارفین کے لیے مقرر کردہ ایک ہزار روپے فیس ادا کی گئی، اس بنیاد پر نیپرا نے اکثریتی رائے سے درخواست مسترد کر دی۔
دوسری جانب، نیپرا کے ممبر ٹیرف مطاہر نیاز رانا نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے علیحدہ نوٹ تحریر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صرف تکنیکی بنیادوں پر صارفین کو ان کے حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ درخواست کی جانچ میرٹ پر ہونی چاہیے اور عوامی شمولیت ریگولیٹری عمل کو شفاف اور مؤثر بناتی ہے،انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں ایسی درخواستوں پر سماعت ہوتی رہی ہے، اور نیپرا کا قانون صارفین کے حقوق کا محافظ ہونا چاہیے، انہوں نے سفارش کی کہ فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی فیس کم از کم رکھی جائے یا مکمل طور پر ختم کی جائے تاکہ عام صارف بھی اپنی آواز بلند کر سکے۔