کراچی، کورنگی میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نعیم اللہ عسکری تربیت یافتہ ہے اور وزیرستان میں شدت پسند کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جو حالیہ دنوں کراچی آکر اپنا نیٹ ورک فعال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ تینوں ملزمان شہر میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گروہ کے سرغنہ سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب کیے گئے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں کالعدم گروہ کا اہم کمانڈر شیرین بھی شامل ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ترجمان پاک فوج کے مطابق شیرین کئی عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور کیپٹن حسنین اختر کی شہادت میں ملوث رہا ہے۔