دبئی، کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم روہت شرما کے ان فٹ ہونے کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے میچ سے پہلے نیٹ پریکٹس میں حصہ نہیں لیا جس سے ان کی فٹنس کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
پاکستان کیخلاف میچ میں روہت شرما کو ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس ہوئی تھی، لیکن میچ کے بعد روہت شرما کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں اور فکر کی کوئی بات نہیں۔
کپتان روہت شرما نے پریکٹس سیشن کے دوران سخت جسمانی سرگرمیوں سے گریز کیا اور صرف ہلکی دوڑ اور شیڈو بیٹنگ کی، یہ احتیاطی تدابیر اس لیے اختیار کی گئیں تاکہ ان کی چوٹ مزید نہ بڑھے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیلئے مکمل طور پر فٹ رہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل سٹاف روہت شرما کی فٹنس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ میچ سے پہلےان کی حالت کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب ویرات کوہلی کی جانب سے پریکٹس سیشن میں سپنرز کے خلاف بیٹنگ کی مشق کی گئی، جبکہ محمد شامی نے مکمل رفتار سے بولنگ کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت اور نیوزی لینڈ کا ٹاکرا 2 مارچ کو دبئی میں ہو گا۔