پاکستان پوسٹ میں گریڈ 1 تا 15 کی مزید سینکڑوں آسامیوں کو ختم کردیا گیا۔
اسلام آباد، وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت پاکستان پوسٹ میں گریڈ 1 تا 15 کی مزید سینکڑوں آسامیوں کو ختم کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت پاکستان پوسٹ میں گریڈ 1 تا 15 کی مزید 1511 آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
ادارے کے ہیڈکوارٹر سے جاری سرکلر کے مطابق اس سے پہلے بھی 2000 آسامیوں کو ختم اور 105 آسامیوں کو متروک قرار دیا جا چکا ہے اور مجموعی طور پر اب تک ادارے سے 3616 آسامیاں ختم کی جا چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ختم کی جانے والی تمام آسامیاں خالی تھیں اور ان میں سب سے بڑی تعداد پوسٹ مین اسکیل 7 کی 500 آسامیاں، پورٹرز اسکیل 2 کی 458 اور پوسٹل کلرکس اسکیل 9 کی 274 پوسٹیں خالی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 14 کی 9 آسامیاں، گریڈ 11 میں 4، گریڈ 9 میں 29 اور ٹائم اسکیل کلرک کی 30 آسامیوں سمیت دیگر سینکڑوں خالی آسامیاں شامل تھیں جنہیں اب ختم کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے سلسلے میں 60 فیصد حصص کے لیے بولی لگانے کا عمل مکمل ہوا، جس میں صرف رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی بلیو ورلڈ سٹی کی جانب سے 10 ارب روپے کی واحد بولی سامنے آئی۔