جمعہ, 25 اپریل , 2025

دہشت گرد حملوں پر جشن منانا ناقابلِ قبول ہے، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان اپنی جانیں قربان کر کے ملک کا دفاع کر رہے ہیں، جبکہ ایک مخصوص سیاسی جماعت دہشت گرد حملوں پر خوشی منا رہی ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں اس زہریلے پروپیگنڈے سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، اور بھارتی میڈیا نے جعفر ایکسپریس حملے کے فوراً بعد پاکستان کے خلاف منفی مہم شروع کی۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

latest urdu news

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے اور پاک فوج کے بہادر جوان ملک کے تحفظ کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، جعفر ایکسپریس حملے میں سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں کامیاب آپریشن مکمل کر کے یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا، جیسے ہی یہ واقعہ پیش آیا، بھارتی میڈیا نے جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیا اور جعلی اے آئی فوٹیجز کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ عناصر بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کرفیو لگانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں وہاں دہشت گردی کے کئی واقعات ہوچکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کی حمایت کی، جبکہ 4 مارچ کو بنوں دھماکے میں ایک افغان شہری کے ملوث ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز ہمیشہ ملک کے دفاع میں صفِ اول میں رہی ہیں اور ہر مشکل وقت میں قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی وہ پریس کانفرنس کرتی ہیں تو مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبوں کے بارے میں قوم کو آگاہ کرتی ہیں، مریم نواز کی اولین ترجیح پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود ہے، اور ان کی کوششوں سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی آ رہی ہے، ایک حالیہ سروے کے مطابق، صرف 17 فیصد افراد نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ عوام کی اکثریت ان کے اقدامات کو سراہتی ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter