اسلام آباد، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں بھاری مقدار میں اسلحہ چھوڑا، جو اب ہمارے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری کوششوں کو ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سراہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ پاکستان اور امریکہ دونوں کے لیے یکساں اہمیت رکھتی ہے۔
عرفان صدیقی نے یاد دلایا کہ جب اے پی ایس کا سانحہ پیش آیا تھا تو پوری قوم متحد تھی، آج بھی ہمیں اپنے سیاسی مفادات پسِ پشت ڈال کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا اور دہشتگردی کے نتیجے میں ہمارے 80 ہزار شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں ایک متفقہ موقف اختیار کر رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عمر ایوب نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا بنیادی مقصد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔