اسلام آباد، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے محض دعا کافی نہیں، مؤثر حکمت عملی اور عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ ایوان کو اس سنگین صورتحال پر تفصیلی بحث کرنی چاہیے، کیونکہ ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بنوں کے حالیہ واقعے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل اور کٹھن جنگ لڑی ہے، جس میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی گئیں۔
گلوبل انڈیکس کے مطابق، دہشتگردی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے، جو ایک تشویشناک امر ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو اسپتال کا اچانک معائنہ کیا، جہاں مریضوں اور ان کے اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف بے شمار شکایات پیش کیں، ان شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کی سرزنش کی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔