جمعہ, 25 اپریل , 2025

دہشتگردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں، عالمی برادری تعاون کرے، محسن نقوی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، اس عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے دنیا کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

دونوں ممالک کے درمیان دہشتگردی، سمگلنگ اور انسداد منشیات جیسے حساس شعبوں میں اشتراکِ عمل کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایریک میئر نے شریف اللہ نامی مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری میں پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا، اور جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ رواں سال جون میں اسلام آباد میں ہونے والا مشترکہ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو تاکہ دہشتگردی جیسے چیلنج کا سامنا مؤثر انداز میں کیا جا سکے، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم امریکی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے، اور اس حوالے سے امریکی وفد کا موجودہ دورہ اہم پیش رفت ہے۔

امریکی عہدیدار ایریک میئر نے فورم میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔ امریکی وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کے لیے ملک میں موجود ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter