گجرات میں دوسری شادی کے دوران خود کو کنوارہ ظاہر کرنے والے دولہے کا جھوٹ پکڑا گیا۔
گجرات میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے دوسری شادی کے دوران خود کو کنوارہ ظاہر کیا، مگر اس کا جھوٹ جلد ہی بے نقاب ہوگیا۔ محلہ اسلام نگر کے رہائشی عدیل رضا نے محلہ چاہ ترہنگ میں دوسری شادی کی اور نکاح نامے میں اپنی شادی شدہ حیثیت چھپا کر خود کو "کنوارہ” ظاہر کیا۔
تاہم شادی کے بعد جب اس جھوٹ کا بھانڈا پھوٹا تو دلہن کے بھائی شاہ زیب نے اس اقدام پر قانونی چارہ جوئی کی۔ شاہ زیب کی درخواست پر تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں عدیل رضا پر دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات کے الزامات عائد کیے گئے۔
مقدمہ دفعہ 420، 468 اور 471 کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ نکاح نامے میں جھوٹی شہادت دینے والے گواہان علی رضا اور محمد مقصود (ساکنان اسلام نگر) کو بھی ملزمان میں نامزد کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔