سنگاپور، چانگی ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر کلیئرنس کے لیے اب پاسپورٹ کی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
سنگاپور کا چانگی ائیرپورٹ دنیا کا پہلا ائیرپورٹ بن گیا ہے جہاں مسافروں کے لیے امیگریشن کے مراحل کو تیز، مؤثر اور آسان بنانے کے لیے پاسپورٹ فری کلیئرنس سسٹم کا اطلاق کیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت، مسافروں کو پاسپورٹ یا شناختی دستاویزات دکھانے کی ضرورت نہیں، بلکہ چہرے کی بائیو میٹرک شناخت کے ذریعے تمام کارروائی مکمل ہو جاتی ہے۔
یہ بائیو میٹرک سسٹم 30 ستمبر سے فعال ہوا ہے، اور 24 اکتوبر کو امیگریشن اینڈ چیک پوائنٹس اتھارٹی (آئی سی اے) کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اس نظام کے تحت، مسافروں کے چہرے کو اسکین کر کے ان کی شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے، جس سے امیگریشن کے عمل میں 60 فیصد وقت کی بچت ہوئی ہے۔ چانگی ائیرپورٹ پر اب تک 15 لاکھ سے زائد مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
نئے نظام کی آزمائش کا آغاز اگست 2024 میں کیا گیا تھا، اور کامیاب ٹرائل کے بعد اس کا اطلاق مکمل طور پر چاروں ٹرمینلز میں کر دیا گیا ہے۔ بیرونِ ملک جانے والے غیر ملکی مسافروں کو بھی یہ سہولت میسر ہے، البتہ سنگاپور آنے والے مسافروں کو وہاں پہنچنے سے 3 دن قبل SG Arrival Card جمع کروانا لازمی ہے۔
یہ نظام سفر کے تجربے کو نہ صرف بہتر بناتا ہے بلکہ ائیرپورٹ پر مسافروں کی کلیئرنس کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ اس جدت کی بدولت مسافروں کا قیمتی وقت بچتا ہے اور سفر مزید سہل ہو جاتا ہے۔