دنیا میں سانپوں کی بے شمار اقسام پائی جاتی ہیں، لیکن جب سب سے بڑے سانپ کی بات کی جائے تو گرین ایناکونڈا اور ریٹیکیولیٹڈ پائیتھون (جالدار اژدہا) کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔
یہ بحث اکثر جانوروں کے شوقین افراد میں موضوعِ گفتگو رہتی ہے کہ کون سا سانپ سب سے بڑا ہے۔
گرین ایناکونڈا اور ریٹیکیولیٹڈ پائیتھون کے علاوہ ایک قدیم ترین نسل، ٹائٹانوبوا، بھی اپنے دیوہیکل حجم کی وجہ سے مشہور ہے، مگر یہ نسل اب ناپید ہوچکی ہے۔
سمتھسونین نیشنل زو اینڈ کنزرویشن بائیولوجی انسٹی ٹیوٹ کے مطابق گرین ایناکونڈا کو سب سے وزنی سانپ مانا جاتا ہے، جس کا وزن 250 کلوگرام تک پہنچ سکتا ہے۔
سب سے طویل گرین ایناکونڈا کا باضابطہ ریکارڈ موجود نہیں، لیکن 2016 میں برازیل میں ایک تعمیراتی منصوبے کے دوران 10 میٹر (تقریباً 33 فٹ) لمبا ایناکونڈا دریافت ہوا تھا۔
دوسری جانب”ریٹیکیولیٹڈ پائیتھون“ کو دنیا کا سب سے لمبا سانپ قرار دیا جاتا ہے، جس کی لمبائی 10 سے 12 میٹر (تقریباً 32 سے 39 فٹ) تک ہوسکتی ہے۔
جبکہ”ٹائٹانوبوا“جو لاکھوں سال قبل زمین پر پایا جاتا تھا، اب تک کے سب سے بڑے سانپوں میں شمار ہوتا ہے، اس کی لمبائی 13 میٹر (تقریباً 42 فٹ) تک ریکارڈ کی گئی تھی، اور یہ جنوبی امریکا کے جنگلات اور دریائی علاقوں میں پایا جاتا تھا۔