جمعہ, 25 اپریل , 2025

خیبر پختونخوا حکومت کا شرپسندوں کے خلاف کائنیٹک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر کے خلاف کائنیٹک آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان کو حتمی شکل دی گئی۔

latest urdu news

اجلاس میں طے پایا کہ ریاستی نظام پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ شرپسندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف موجودہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں میں عوامی رائے کو بھی شامل کیا جائے گا، اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا بیس ترتیب دیا جائے گا۔

اجلاس میں طے پایا کہ ماہانہ بنیادوں پر دہشت گردوں کے سروں کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا، ان کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، اور سہولت کاری میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں ایکشن پلان کے تحت سول انتظامیہ کو دہشت گردی کے خلاف مرکزی کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ، اجلاس میں طے پایا کہ مارچ کے آخر تک پولیس میں بھرتیوں، تربیت، اسلحے اور جدید آلات کی خریداری کا منصوبہ ترتیب دیا جائے گا، سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرات کم کرنے کے لیے جلد پالیسی تشکیل دی جائے گی، اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد افغان عمائدین سے مذاکرات کے لیے جرگہ بھیجا جائے گا۔

مزید برآں اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یہ معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter