حکومت پاکستان نے لبنان اور غزہ کے لیے امدادی سامان کے 2 جہاز فوری بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد، حکومت کی جانب سے لبنان اور غزہ کے لیے امدادی سامان کے 2 جہاز فوری بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت اجلاس میں غزہ اور لبنان بھیجی جانیوالی امداد سے متعلق جائزہ لیا گیا جس کے بعد وزیراعظم پاکستان نے لبنان اور غزہ کے لیے امدادی سامان کے 2 جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امداد کی ترسیل کے لیے فلسطین لبنان، اردن اور مصر میں پاکستانی سفراء سے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے اور امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
شہباز شریف کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ ہوائی راستے کے علاوہ زمینی راستے سے بھی امدادی سامان روانہ کیا جائے۔
وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی اور کہا کہ عوام عطیات جمع کروا کر فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی امداد میں ساتھ دیں۔