جمعہ, 25 اپریل , 2025

حکومت نے کرپٹو کونسل کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کرپٹو کونسل تشکیل دے دی، جو جدید مالیاتی نظام کے استحکام، پالیسی سازی اور ڈیجیٹل ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ ہوں گے، جبکہ ان کے چیف ایڈوائزر بلال بن ثاقب کو کونسل کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔

latest urdu news

اعلامیے میں بتایا گیا کہ بلال بن ثاقب بلاک چین ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری حکمت عملی اور ڈیجیٹل ترقی میں اپنی مہارت کے ذریعے اس اقدام کی قیادت کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق کرپٹو کونسل کے بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکریٹری قانون اور دیگر حکومتی عہدیدار شامل ہوں گے۔

کونسل کرپٹو کرنسی کے حوالے سے جامع ریگولیٹری پالیسی کی سفارشات مرتب کرے گی، جبکہ عالمی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعے بین الاقوامی معیار کو اپنانے کے لیے رہنمائی فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ، کونسل مالیاتی ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور بلاک چین ماہرین کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ذمہ دارانہ جدت کو فروغ دینے پر کام کرے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق کونسل صارفین کے تحفظ اور مالیاتی سلامتی کے لیے ایک جامع قانونی اور تعمیلی فریم ورک تشکیل دے گی۔

حکومت کا ماننا ہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے مالیاتی اور تکنیکی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، جو ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter