بسنت کے جشن کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت بسنت کے تہوار پر لگائی گئی پابندی کو ختم کرنے کے حوالے سے غور کر رہی ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بسنت منانے کے حوالے سے اپنی پالیسی پر دوبارہ نظر ڈال رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بسنت کو محفوظ طریقے سے منایا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ بسنت ایک قدیم اور رنگین تہوار ہے جو موسم بہار کی آمد کی علامت سمجھا جاتا ہے اور خاص طور پر لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں منایا جاتا ہے، یہ تہوار فروری یا مارچ میں منایا جاتا ہے اور اس کا تعلق ہندو مذہب سے ہے، جہاں اسے خوشحالی اور فصلوں کی بھرپور پیداوار سے جوڑا جاتا ہے۔
بسنت کے دن لوگ پیلے رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں، جو خوشحالی اور توانائی کی علامت ہوتے ہیں، اور اس دن پتنگ بازی کا بھی خاصا اہتمام ہوتا ہے، رنگین پتنگیں آسمان پر اُڑتی ہیں اور پورا منظر خوشی سے بھرپور ہوتا ہے۔