رہنما جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا ہے کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل ہر صورت میں منظور کرنا ہو گا۔
رہنما جے یو آئی (ف) عبد الغفور حیدری کا کہنا ہے کہ نہیں چاہتے کہ وفاقی دارالحکومت کی طرف مارچ کیا جائے لیکن اگر 8 دسمبرتک بل پر دستخط نہ کئے گئے تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
عبد الغفور حیدری کا کہنا ہے کہ بل منظور کر کے روکا گیا، یہ بدنیتی ہے، بلاول بھٹو نے بھی یقین دہانی کرائی کہ صدر سے بات کر کے بل منظور کرائیں گے۔
یاد رہے اس سے پہلے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مدارس بل دستخط نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد جانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انکے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کردیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے، مطالبات نہ ماننے کی صورت میں 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک اور بائیکاٹ مہم کا آغاذ کیا جائے گا۔