جمعہ, 25 اپریل , 2025

جنرل باجوہ سے سوال ہونا چاہیے کہ دہشتگردوں کو پاکستان میں کیوں بسایا؟ خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید تو پہلے ہی گرفتار ہیں، لیکن سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے دہشت گردوں کو پاکستان میں کیوں آباد کیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، جسے مشترکہ کوششوں سے حل کرنا ہوگا، لیکن سب سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کی تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم ہو کہ وہ دہشتگردی روکنے میں کیوں ناکام رہی۔

latest urdu news

عمران خان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھنے کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پہلے تو پاکستان میں خطوط بازی چل رہی تھی، اب اسے عالمی سطح پر پہنچا دیا گیا ہے، اور جیسا حشر پہلے خطوط کا ہوا تھا، وہی ان کا بھی ہوگا،میں کسی کو مشورہ نہیں دیتا کیونکہ یہ لوگ مشورے سے بالاتر ہیں، ان کے لیے شاید جادو ٹونے کے مشورے زیادہ کارآمد ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مفاہمت کی سیاست تب ممکن ہوتی ہے جب دوسرا فریق محاذ آرائی پر نہ اتر آئے، میں اسٹیبلشمنٹ کی نمائندگی نہیں کر رہا، لیکن اگر مصالحت ممکن نہیں تو پھر مزاحمت کی سیاست اپنائی جائے۔

وزیر دفاع نے خیبرپختونخوا حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت کو بھی دہشت گردی کی صورتحال کی ذمہ داری لینی ہوگی، لیکن وہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنے کے بجائے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو سہارا دے رہی ہے۔

ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات میں صرف دہشت گرد ہی نہیں بلکہ انہیں واپس بسانے والوں کا بھی کردار ہے۔

جنرل باجوہ، جنرل فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی نے ان دہشت گردوں کو دوبارہ پاکستان میں بسایا، اور اب جب فیض حمید گرفتار ہیں، تو جنرل باجوہ سے بھی پوچھا جانا چاہیے کہ آخر انہوں نے ایسا کیوں کیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter