گجرات: ضلع گجرات کے علاقے جلالپور جٹاں میں پولیس نے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی بدنام زمانہ "رفاقت عرف فاقا” گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاریاں ڈی پی او گجرات ڈاکٹر مستنصر عطاء باجوہ کی ہدایت پر عمل میں آئیں۔
ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپور جٹاں انسپکٹر سرفراز یوسف، اے ایس آئی محمد اشرف اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت استعمال کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی۔
گرفتار ملزمان میں رفاقت علی ولد شفیع سکنہ عمران پورہ اور اکبر ولد رمضان سکنہ لکڑ منڈی جلالپور جٹاں شامل ہیں۔ یہ ملزمان مختلف مقامات پر گن پوائنٹ پر شہریوں سے قیمتی اشیاء، طلائی زیورات، موٹر سائیکلیں اور نقدی چھیننے میں ملوث تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 4 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں (مالیت 6 لاکھ 70 ہزار روپے)، 4 تولہ طلائی زیورات (چوڑیاں، انگوٹھی، چین) مالیت 13 لاکھ 9 ہزار روپے، نایاب نسل کا مرغا (مالیت 50 ہزار روپے)، نقدی 2 لاکھ 30 ہزار روپے، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے دو عدد 30 بور پستول برآمد کر لیے۔ کل برآمد شدہ مال مسروقہ کی مالیت 22 لاکھ 59 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے دیگر وارداتوں کے انکشافات کی توقع ہے۔