اسلام آباد، وزارت قانون نے جسٹس علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ میں تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جسٹس علی باقر نجفی کو لاہور ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
یاد رہے کہ 11 اپریل کو جوڈیشل کمیشن نے جسٹس علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ میں تقرری کی منظوری دی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کو تفتیش میں شامل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، جبکہ ان کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج چودھری عامر ضیاء نے مقدمے کی سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر غور کرتے ہوئے عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ انہیں شاملِ تفتیش کریں۔