9 مئی کے ملزموں کو سزا ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بھیانک دن کے منصوبہ ساز پر قانون جب تک ہاتھ نہیں ڈالتا یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا دیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بھیانک دن کے منصوبہ سازوں پر قانون کی گرفت ضروری ہے تاکہ ایسے واقعات کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج سانحہ 9 مئی کے 25 ملزمان کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہونا چاہیے تھا، لیکن تاخیر نے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھا دیے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک تاریک دن کی مذمت تک سے گریز کیا گیا، جو شہدا اور غازیوں کی توہین کے مترادف ہے، اور ایسے لوگوں کو ہیرو بنایا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی صرف وہ کارکن قانون کی گرفت میں آئے ہیں جو استعمال ہوئے، لیکن جب تک منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کا اطلاق نہ ہونا وطن دشمن عناصر کے حوصلے بڑھانے کے مترادف ہے۔