گوجرانوالہ، تھانہ فیروز والا کے علاقہ میں 2 سگے بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول سیف الرحمان اور تنویر ڈیرے پر بیٹھے تھے، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے سیف الرحمان اور تنویر موقع پر جان کی بازی ہار گئے، پولیس کا بتانا ہے کہ دوہرے قتل کی واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے 4 ممبران اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ملتان کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران حکومتی آرڈیننس کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں پیپلز پارٹی کے 4 ممبران اسمبلی اور وکلا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد حسن مغل نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، علی قاسم گیلانی اور ممبر صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔