جمعہ, 25 اپریل , 2025

توہین عدالت کیس کی کاز لسٹ منسوخی پر جسٹس اعجاز اسحاق کا سخت ردعمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز اسحاق خان نے مشال یوسفزئی کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف دائر توہین عدالت کیس کی کاز لسٹ منسوخ کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے بہتر تھا کہ میری عدالت کی بنیادوں میں بارود رکھ کر اڑا دیا جاتا۔

عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر کیس کی کاز لسٹ منسوخ ہونے پر عدالت کے طلب کرنے پر ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل اسلام آباد ہائی کورٹ سلطان محمود عدالت میں پیش ہوئے۔

latest urdu news

جسٹس اعجاز اسحاق خان نے اسٹیٹ کونسل سے استفسار کیا کہ جو کچھ ہوا، کیا آپ اس میں ملوث ہیں؟ آپ نے کس کے کہنے پر کاز لسٹ منسوخ کی؟

ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل نے بتایا کہ ہمیں چیف جسٹس آفس سے ہدایات موصول ہوئیں کہ لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، اس لیے اس کیس کی کاز لسٹ منسوخ کر دی جائے۔

جسٹس اعجاز اسحاق خان نے سوال کیا کہ کیس منتقلی کے لیے متفرق درخواست کس قانون کے تحت دائر کی گئی؟ کیا کسی جج کی مرضی کے بغیر کیس لارجر بینچ کو منتقل کرنا درست ہے؟

فاضل جج نے مزید ریمارکس دیے کہ ہم بنیادی اصولوں پر ہمیشہ وہیں جا کر کھڑے ہو جاتے ہیں جہاں سے چلے تھے، اور اس سے بڑی حماقت نہیں کہ قانون کی عملداری کے بغیر معیشت کی ترقی کی امید رکھی جائے۔

مشال یوسفزئی نے عدالت میں کہا کہ اگر ہمارے ساتھ باہر یہ سب ہو رہا ہے تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں کیا سلوک ہو رہا ہوگا؟

جس پر عدالت نے کہا کہ ہمیں اب اپنے ادارے کی بھی فکر ہو گئی ہے، گائیڈڈ میزائل اب ہماری طرف آ رہا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے بھی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا چیف جسٹس کے پاس یہ اختیار ہے کہ کسی جج کی مرضی کے بغیر کیس کسی دوسرے جج کو منتقل کر دے؟

جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی کرپٹ چیف جسٹس آ گیا تو کیا وہ اسی اختیار کے تحت کیسز اپنی مرضی کے مطابق منتقل کرتا رہے گا؟ کیا اس فیصلے سے کرپشن اور اقربا پروری کے دروازے نہیں کھولے جا رہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ لارجر بینچ جو کارروائی کر رہا ہے، وہ اس عدالت کی کارروائی کی توہین کے مترادف ہے، اور کاز لسٹ منسوخ کرکے کیس منتقل کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کر رہا ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter