لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تحصیل تونسہ میں ایڈز کی روک تھام کے لیے فوری طور پر ایک عملی منصوبہ طلب کر لیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تونسہ میں مزید ایک بچے میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جس کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد 107 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں سمیت دیگر افراد کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت پنجاب پر مشتمل ایک مشترکہ مشن تشکیل دیا گیا ہے جو ایڈز کی روک تھام اور قابو پانے کے لیے سفارشات پیش کرے گا۔
یہ مشترکہ مشن 7 اپریل سے 14 اپریل تک متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا۔ ادھر ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت ضروری ادویات بھجوا دی گئی ہیں، تاہم عملہ تاحال نہیں پہنچا، اس وقت اسپتال کے ڈاکٹرز اور اسٹاف ہی ایچ آئی وی مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، جبکہ ایڈز کنٹرول پروگرام کا عملہ پہنچنے کے بعد ایک علیحدہ وارڈ قائم کیا جائے گا۔