بہن کا بروقت علاج نہ کروانے پر سالے نے بہنوئی کو قتل کر دیا۔
سیالکوٹ، بہن کا بروقت علاج نہ کروانے اور بہن کی وفات کے صدمہ پر سالے کی جانب سے فائرنگ کرکے بہنوئی کو قتل کر دیاگیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق افسوناک واقعہ تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ بھاگووال روڈ میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حمزہ نامی ملزم کی جانب سے فائرنگ کر کے اپنے بہنوئی محمد ابرار کو قتل کر دیا گیا۔
مقتول ابرار کی زوجہ مدیحہ چند روز پہلے ہارٹ اٹیک کی وجہ سے وفات پا گئی تھی، بہن کی موت کا ملزم کو بہت دکھ تھا کہ اس کا بہنوئی اپنی بیوی کو بروقت ہسپتال لے کر نہیں گیا جس کی وجہ سے مدیحہ جان کی بازی ہار گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بہن کی موت کو برداشت نہیں کرسکا اور اس نے اپنی بہن کے دسویں پر قبرستان سے فاتحہ خوانی کے بعد آتے ہوئے بہنوئی ابرار کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
مقتول ابرار 4 بچوں کا باپ تھا، پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوگا۔