لاہور، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں، جس سے بوٹی مافیا کا گڑھ توڑ دیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے رائیونڈ روڈ کے حساس امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء سے نقل مافیا سے متعلق فیڈ بیک حاصل کیا۔ انہوں نے تھری ڈی بار کوڈ کے ذریعے طلباء کی شناخت بھی چیک کی اور امیدواروں کی مکمل تلاشی کے احکامات جاری کیے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پہلی بار بار کوڈ اور فیس ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کے امکانات کو ختم کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بوٹی مافیا پر 90 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ رائیونڈ روڈ کے امتحانی مراکز نقل کے حوالے سے بدنام تھے، لیکن سخت اقدامات کی بدولت حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔
گزشتہ سال امتحانات کے دوران روزانہ 15 سے 20 نقل کے کیسز رپورٹ ہوتے تھے، جو اب کم ہو کر 2 سے 3 تک رہ گئے ہیں، ہر ضلع میں خفیہ ٹیمیں امتحانی عمل کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ وہ خود بھی ڈسکہ، وزیر آباد، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت مختلف اضلاع کے امتحانی مراکز کے دورے کر چکے ہیں اور آئندہ بھی اچانک معائنہ کریں گے۔
رانا سکندر حیات نے دعویٰ کیا کہ وہ ایسی امتحانی اصلاحات لے کر آئے ہیں جو گزشتہ 77 برسوں میں نہیں کی جاسکیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان پانچ ہزار روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے اسے جامع اور شفاف قرار دیا۔
انہوں نے نیشنل ٹیلی کام ہیڈکوارٹر کا دورہ کرکے رمضان 2025 کے مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا، جہاں حکام نے انہیں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔