113
بنگلادیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کی جانب سے عید الفطر ، عید الاضحی اور درگا پوجا کی عام تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سربراہ عبوری حکومت محمد یونس کے دفتر سے جاری بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ آئندہ سے عید الفطر کی تعطیلات 5 دن، عیدالاضحی کی 6 دن اور شردیہ درگا پوجا کی تعطیلات 2 دن ہوا کریں گی۔
محمد یونس کا بیان عبوری حکومت کی مشاورتی کونسل کے آئندہ سال کیلئے عام تعطیلات کی فہرست کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا،اس سے پہلے وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن نے تعطیلات میں توسیع کی تجویز دی تھی جسے اب ایڈوائزری کونسل کی جانب سے منظور کر لیاگیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلادیش میں عیدین کے لیے 3 اور درگا پوجا کی ایک روز کی تعطیل ہوا کرتی تھی، بنگلادیش میں 5 اگست کو شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد ملک میں عبوری حکومت قائم کی گئی ہے، جس کے سربراہ نوبیل انعام یافتہ بینکار محمد یونس ہیں۔