ہفتہ, 26 اپریل , 2025

بنوں کینٹ حملہ ناکام، منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، آئی ایس پی آر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کنٹونمنٹ پر دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، جس میں تمام 16 حملہ آور مارے گئے، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ تاہم، اس جھڑپ میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے۔

latest urdu news

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خوارج عناصر نے کنٹونمنٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، مگر سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ حملے کے دوران خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، جبکہ ایک مسجد اور رہائشی عمارت بھی متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں 13 شہری شہید اور 32 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے مطابق خفیہ اطلاعات اور شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری ملوث تھے اور اس کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنوں نے کی۔ آئی ایس پی آر نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter