ہنگو: پیسکو نے کئی ماہ سے واجب الادا بل کی عدم ادائیگی پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی بجلی منقطع کر دی۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو ہنگو کا کہنا ہے کہ اسپتال ہر ماہ اپنا بل ادا کرتا ہے، اس کے باوجود پیسکو نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی کاٹ دی۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث رات کے وقت مریضوں کا علاج موبائل کی ٹارچ کی روشنی میں کرنا پڑا۔
ایم ایس ہنگو کے مطابق اسپتال پر پولیس لائن کا اضافی بل بھی ڈالا جا رہا ہے، تاہم ڈی ایس پی پولیس لائن کا کہنا ہے کہ پولیس لائن ہنگو کے لیے علیحدہ دو میٹر نصب ہیں اور مارچ میں 24 لاکھ روپے کا بل ادا کیا جا چکا ہے، لہٰذا کوئی بقایاجات موجود نہیں۔
ایس ڈی او پیسکو مہتاب خان نے ایم ایس ڈی ایچ کیو کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال پر تین ماہ کے بل واجب الادا تھے، اور تسلی بخش جواب نہ ملنے پر بجلی کاٹی گئی، تاہم فی الحال اسپتال کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیفنس کے علاقے میں تین مسلح ڈاکو ماں اور بیٹے کو یرغمال بنا کر 82 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے اڑے۔