90
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت کئی اضلاع میں نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3، قلات میں منفی 1، زیارت میں منفی 4، اور ژوب میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں سبی میں 10، تربت میں 13، نوکنڈی میں 4، اور چمن میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
ساحلی علاقوں میں گوادر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی کا 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ سردی کی شدت مزید برقرار رہنے کی توقع ہے۔
شہریوں کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔