اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جہاں انہوں نے وزیراعظم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں بلوچستان کی اقتصادی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وفاقی حکومت کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے، اس پر سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتی ہے تو خیبرپختونخوا کو معاشی طور پر مستحکم کرے اور پن بجلی سمیت دیگر واجبات جلد از جلد ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار یاد دہانی کے باوجود صوبے کو اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔