بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں کرتے ہوئے 23 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ مقابلے میں ایف سی کے 18 بہادر جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ قلات کے علاقے منگوچر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی دہشتگردوں کے روڈ بلاک کرنے کی کوشش پر کی، کارروائی کے دوران 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ منگوچر آپریشن میں دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے ایف سی کے 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کی رات دہشتگردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے فوری متحرک ہوئے اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، دشمن قوتوں کی ایماء پر دہشتگردی کا مقصد بلوچستان کا پُرامن ماحول خراب کرنا تھا۔
پاک فوج کے مطابق گھناؤنے بزدلانہ فعل کے مرتکب اور سہولتکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، بلوچستان کے استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔