راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر سے متعلق درج 29 مقدمات کی سماعت ہوئی، تاہم ان کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہو سکا۔
انسداد دہشت گردی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت کی، جہاں بشریٰ بی بی کے وکیل کی غیر حاضری کے ساتھ ساتھ نعیم پنجوتھہ اور اعظم سواتی بھی عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کے وکلا بھی سماعت میں شریک نہ ہو سکے۔
سلمان اکرم راجہ کی وکلا ٹیم اور پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کے چند کارکنوں کی غیر شائستہ زبان ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے اپنے لیے مسائل خود پیدا کیے، حکومت نے ان کے خلاف کوئی غیر ضروری اقدامات نہیں کیے، ان کے بقول، مسائل اور پیچیدگیوں کی موجودہ صورتحال میں ان کا اپنا کردار زیادہ نمایاں ہے۔