برطانیہ میں ایک گھر سے 5 سالہ بچے کی لاش برآمد ہونے پر پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایسیکس کے علاقے ساؤتھ اوکینڈن میں 5 سالہ لنکن بٹن کی پراسرار موت نے پورے علاقے کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ پولیس نے بچے کی لاش فرانزک تحقیقات کے لیے بھیج دی ہے، جبکہ قتل کے شُبے میں ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، تاہم ان کی شناخت اور بچے سے تعلق ظاہر نہیں کیا گیا۔
اہلخانہ نے لنکن کو ذہین اور سب کا چہیتا بچہ قرار دیا، اور اس افسوس ناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بچے کی موت کے بعد برطانوی معاشرے میں بچوں کی حفاظت سے متعلق تشویش مزید بڑھ گئی ہے، اور حالیہ قتل کے واقعات نے قانون سازوں کو بچوں کے تحفظ کے لیے مزید سخت قوانین پر غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
اس واقعے نے 10 سالہ سارہ شریف کے قتل کیس کی یاد تازہ کر دی، جس میں والد، سوتیلی والدہ، اور چچا کو سخت سزائیں سنائی گئیں۔
یہ المناک واقعات بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔