اسلام آباد، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول کے وسائل اور رقم بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کریں گے، اور وزیر اعظم جلد ہی بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کریں گے۔
وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد علی پرویز ملک نے لاہور میں کوٹ خواجہ سعید اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرے گی، جبکہ جو لوگ سیاست چمکانے کی کوشش کریں گے، انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے معیشت کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف تمام مسائل کے حل کے لیے سب کے ساتھ تعاون کریں گے۔
وزیر پیٹرولیم نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پیٹرول کے مالی وسائل بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے استعمال کیے جائیں گے اور جلد ہی وزیر اعظم اس حوالے سے بڑا اعلان کریں گے۔
دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، جس کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، اس مقصد کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے انعقاد پر مشاورت جاری ہے، جبکہ پاک فوج کے جوان مشکل حالات میں ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے معاملے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے تحریک انصاف کے 16 ارکان کو دوبارہ طلب کر لیا۔