بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے راضی کیا،ب ات چیت سود مند ثابت ہوگی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما اعظم سواتی نےکہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے راضی کیا جب بھی بات چیت ہوئی سودمند ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک سب کا سانجھا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ملک اور ملک کی نسلوں کی فکر ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس سمیت چار جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اعظم سواتی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
اس موقع پر پراسکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ عدالت پیش نہ کیا اور مؤقف اپنایا کہ مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہے، ملزمان کی ضمانتیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔
جج نے پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ وہ ریکارڈ کب آئے گا، پراسکیوٹر نے جواب دیا کہ ریکارڈ جلد آجائے گا جج اے ٹی سی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے، عدالت اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 13 مئی تک توسیع کردی ۔