11
قصور کی تحصیل کھڈیاں خاص کے نواحی گاؤں ویرم ہٹھاڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بارش کے باعث ایک خستہ حال مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی۔
حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی ہوئے جن میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچے شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 50 سالہ محمد طفیل، ان کی اہلیہ 40 سالہ زاہدہ بی بی، 7 سالہ بیٹا مبین احمد اور 5 سالہ بیٹی تحریم بی بی کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ بارش کے دوران خستہ حال گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات پنجاب کے دیہی علاقوں میں اکثر پیش آتے ہیں، جن سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خطرہ رہتا ہے۔ مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے مکانات کی ازسرنو تعمیر اور مرمت کے لیے امدادی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔