اسلام آباد، حکومتی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان ایگری کلچر انکم ٹیکس سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک آفس میں ہونے والے ان مذاکرات میں صوبائی حکام، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے نمائندے شریک ہیں۔
اس دوران سورن ویلتھ فنڈز ایکٹ میں ترمیم اور ریگولیشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ وزارت توانائی اور نیپرا حکام گردشی قرضے اور ٹیرف ری بیسنگ کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات نہایت اہم ہیں اور آئی ایم ایف وفد اس دوران نئی شرائط اور تجاویز پیش کرے گا۔ ان شرائط کو تسلیم کرنے کی صورت میں ہی قرض کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام میں خواتین ججز کا کردار انتہائی اہم اور قابل تعریف ہے، خواتین ججز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت ایک مثبت تبدیلی ہے، اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔