جمعہ, 25 اپریل , 2025

ایک سال میں عوام کیلئے جو کچھ کرسکتے تھے وہ کیا ہے: مراد علی شاہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے اس حکومتی ایک سال میں سندھ کے عوام کیلئے جو کچھ کر سکتے تھے وہ کیا ہے۔

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حکومت سندھ کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی۔ تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی، ارکانِ اسمبلی، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔

latest urdu news

مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن پر خصوصی توجہ دی ہے، اور تمام اقدامات پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہاری کارڈ کا اجراء کیا، جس کے ذریعے کسانوں کو ڈیجیٹل رجسٹریشن کے بعد 28 ارب روپے کی امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ 13,428 طلباء گریجویٹ ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ حکومت نے ایک سال میں 196 نئی سڑکوں کے منصوبے مکمل کیے، جن کی مجموعی لمبائی 2,500 کلومیٹر ہے۔ اس کے علاوہ، 14 سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا، جس سے بجلی کے استعمال میں 80 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گندم کے معیار کی جانچ کے لیے جدید نظام متعارف کرایا، اور اس وقت دستیاب گندم بہترین معیار کی ہے۔ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 20 لاکھ رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہیں، 11 لاکھ بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، اور 4 لاکھ مکانات تعمیر ہو چکے ہیں۔

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس منصوبے کو انتہائی شفاف قرار دیا۔ سندھ حکومت نے معذور افراد کے لیے سالانہ 90 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے، جبکہ گمبٹ اسپتال میں 1,185 لیور ٹرانسپلانٹ کیے جا چکے ہیں۔ جناح اسپتال میں تیسری سائبر نائف مشین نصب کی گئی ہے، اور انڈس اسپتال کے نئے کمپلیکس پر 18 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

کراچی ٹراما سینٹر میں اب تک 13,000 سے زائد سرجریز کی جا چکی ہیں، جو صحت کے شعبے میں حکومت کی کامیابیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter